واشنگٹن،11مارچ(ایجنسی) وائٹ ہاؤس نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی صدر محمود عباس کو امریکا کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں محمود عباس واشنگٹن میں امریکی صدر سے ملاقات کریں گے۔ اس بیان کے مطابق ٹرمپ نے عباس کو کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کو
حتمی شکل دینے کا وقت آ چکا ہے اور فریقین کو اس حوالے سے براہ راست مذاکرات کرنے کی ضرورت ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ اس تنازعے کے حل کی خاطر نہ تو امریکا کوئی حل مسلط نہیں کر سکتا ہے اور نہ ہی اسرائیل اور فلسطینی ایک دوسرے کو نظر انداز کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق اسرائیلی فلسطینی تنازعے کے پرامن حل کی خاطر فریقین کو کوئی مشترکہ حل ڈھونڈنا ہو گا۔